سیاسی جماعتوں کی بیماریوں کا بھی علاج کرینگے:مریم

سیاسی جماعتوں کی بیماریوں کا بھی علاج کرینگے:مریم

لاہور،پاکپتن(دنیانیوز،آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کہناہے کہ محمد نوازشریف اورمحمد شہبازشریف کی طرح عوام کی امیدوں پر پورا اترنا چاہتی ہوں ،بعض جانوروں کو ہی نہیں بعض انسانوں کو بھی منہ کھر بیماری ہوتی ہے۔

ایسے بیمار لوگوں کا ہر قدم ملک کے خلاف ہی اٹھتا ہے اور منہ کھلتا ہے تو گالم گلوچ کے سوا بات نہیں کرتے ،جانوروں کیساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کو لاحق بیماریوں کا علاج بھی کرینگے ۔ پاکپتن میں چیف منسٹر مریم نوازشریف لائیوسٹاک کارڈ کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازشریف نے کہا کہ اب عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ،محمد شہبازشریف کی گائیڈنس اورسرپرستی ملنے پر خدا کا شکر ادا کرتی ہوں،کسان بھائیوں کی زندگی میں بہتری آنے پر بہت خوشی ہوتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جانوروں کی کوالٹی اوربریڈ میں بہتری لارہے ہیں۔پنجاب بھر میں اینیمل ٹیگنگ اورکیو آر کوڈ لگائے جائیں گے ۔ لائیو سٹاک کارڈ حاصل کرنے والوں میں طالب علم بھی ہیں جو سائیڈ بزنس کے طور پر جانور پال رہے ہیں ،خوشی کی بات ہے کہ خواتین نے بھی لائیو سٹاک کارڈ حاصل کیا ۔نواز شریف صاحب کا دور جو 2017 میں ختم کر دیا گیاتھا اس کے بعد اب پاکستان میں اچھی خبریں آنے لگی ہیں ،معیشت جو ڈول رہی تھی وہ سنبھلنے لگی ہے ۔محمد شہباز شریف وزیراعظم بنے تو کہا جاتا تھاکہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گااور سری لنکا سے تشبیہ دی جاتی تھی۔

مسلم لیگ ن کی حکومت کو ابھی 10 ماہ بھی مکمل نہیں ہوئے کہ خوشی کی خبریں آ رہی ہیں،پاکستان سٹاک مارکیٹ نے پورے 76 سال کا ریکارڈ توڑ دیا،خوشی کی خبر تب آئی جب حکومت نواز شریف کی ہے ،اس کا بھائی وزیراعظم ہے اور اسکی بیٹی وزیر اعلیٰ پنجاب ہے ۔نواز شریف کے ویژن کے عین مطابق پراجیکٹ فنکشنل کر کے اعلان کرتی ہوں،عوام کو پہلے پراجیکٹ کا ثمر ملنا شروع ہوتا ہے اس کے بعد میں لانچنگ کیلئے آتی ہوں ،لائیو سٹاک کارڈ کے پیسے آپ کو ملیں ہیں تو ہی میں آپ کے پاس ملاقات کیلئے آئی ہوں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی میں کافی حد تک کمی ہوگئی ہے ،پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں آٹے اور روٹی کی قیمت دوسرے صوبوں سے کم ہے ،اگلے سال 90ہزار لوگوں کو لائیو سٹاک کارڈ دیا جائے گا۔ کسانوں کی زندگیوں میں بہتری دیکھ کر مجھے بہت سکون سے نیند آتی ہے ،آج کسان خوشحال ہے ،کسانوں کے بارے میں مخالفین پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ مریم نوازشریف نے ساہیوال پاکپتن روڈسمیت کئی سڑکوں کا افتتاح کرکے پاکپتن شریف کے روڈ زپراجیکٹ کا بھی آغا زکیا ۔ان کاکہناتھاکہ سڑکیں بنتی ہیں توترقی ہوتی ہے ،روڈز کی تعمیر و بحالی سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی بلکہ معاشی سرگرمیاں بھی تیز ہونگی۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ نے نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا او پی ڈی 30 جون تک کھولنے کا ٹارگٹ دے دیااورمنصوبے کی تکمیل کیلئے 31 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں