غزہ :وحشیانہ اسرائیلی بمباری،12بچوں سمیت مزید70شہید
غزہ(اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 12 بچوں سمیت مزید70افراد شہید130سے زائد زخمی ہو گئے ۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں گھر پر فضائی حملے میں محمود ابو خروف اور اس کی 2بیٹیا ں شہید ہو گئیں جبکہ تیسری بیٹی کی لاش قریبی آبادی سے ملی ،شمالی غزہ کے جبالیہ قصبے میں بھی خاندان کے 8افراد شہید ،کئی زخمی ہو گئے ۔دیگر مقامات پر حملوں میں کئی افراد مارے گئے ۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک کم ازکم 46ہزار6فلسطینی شہید ،1لاکھ 9ہزار378زخمی ہو چکے ۔عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت بھی شہریوں پر بمباری تسلیم نہیں کریں گے ، غزہ میں انسانی صورتحال شرمناک ہے ۔ غزہ میں بچے مسلسل مر رہے ، ہسپتال تباہ کئے جا رہے ۔ جنگی جرائم کے الزامات سے بچنے کیلئے اسرائیلی فوج نے نیا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ۔اسرائیلی فوجی میڈیا کے سامنے اپنی شناخت چُھپانے کے پابند ہوں گے ۔حاضر سروس اور ریزرو فوجیوں پر یہ اصول لاگو ہوں گے ۔ اسرائیلی فوجی ترجمان ندوا شوشانی نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو مستقبل میں ایسے واقعات سے محفوظ رکھا جائے جو دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف جاری ہیں۔