ویکس نیٹ نمائش کا آغازآج سے لاہورایکسپومیں ہوگا
لاہور(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کی جانب سے منعقد کردہ ویکس نیٹ نمائش کا آغازآج (10جنوری)سے لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔
تین روزہ نمائش کا افتتاح جواد پال خواجہ،وفاقی سیکرٹری تجارت کریں گے ۔ویکس نیٹ 2025 نمائش کا مقصد پاکستان میں خواتین تاجروں کے ہنر اور صلاحیتوں کواجاگر کرنا اورانہیں معیشت کے دھارے میں شامل کرکے تجارت کو فروغ دینا ہے ۔ خواتین تاجروں کے ہنر اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ویکس نیٹ نمائش میں خواتین تاجروں کی مختلف تنظیموں اور اداروں کے علاوہ خواتین کے کئی برانڈز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ نمائش میں 200 سے زائد خواتین تاجر اپنی مصنوعات پیش کرینگی۔ ٹیکسٹائل، ملبوسات، جوتوں، جیولری، دستکاری، ہربل اسکن کئیر اور گھریلو استعمال کی اشیاء کے علاوہ ای کامرس، فرنیچراور خشک میوہ جات ایکسپورٹ کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ زبیرموتی والانے کہا کہ یہ ہمارے ملک کی حوصلہ مند خواتین تاجروں کی کامیابیوں کو منانے کا ایک منفرد موقع ہے ۔