اسٹاک ایکسچینج :1510پوائنٹس کی مندی،159ارب خسارہ
کراچی(آن لائن)اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مندی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای 100انڈیکس مزید 1510پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 14 ہزار 148 پوائنٹس کی سطح سے کم ہو کر 1 لاکھ 12 ہزار 638پوائنٹس پر بندہوا۔
،اس دوران سرمایہ کاروں کو 159ارب روپے کا خسارہ ہوا جب کہ 70فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کاروبار کے دوران آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں فروخت دیکھی گئی جس کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی اور کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ منفی زون میں ہی رہی ۔ ماہرین کے مطابق سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال اورمستقبل قریب میں مارکیٹ کیلئے نئے مثبت محرکات بہت کم ہونے سے فروخت کا دباؤ دیکھا گیا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30انڈیکس 494پوائنٹس کی کمی سے 35ہزار458پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 70 ہزار 743 پوائنٹس سے کم ہو کر 69 ہزار 946پوائنٹس پربند ہوا۔ جمعرات کو 24ارب روپے مالیت کے 69 کروڑ 51 لاکھ 42 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 32ارب روپے مالیت کے 1ارب9کروڑ99لاکھ حصص کے سودے ہوئے تھے ۔مجموعی طور پر 454 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 89 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،321میں کمی اور44میں استحکام رہا۔