بلوچستان:چوکی پر حملہ ناکام،5دہشتگرد ہلاک ،2جوان شہید :بنوں:3خوارج ہلاک،9زخمی

بلوچستان:چوکی پر حملہ ناکام،5دہشتگرد ہلاک ،2جوان شہید :بنوں:3خوارج ہلاک،9زخمی

راولپنڈی،اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنادی،دوخودکش حملہ آوروں سمیت پانچوں دہشتگرد مارے گئے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

دوجوان شہید ہوگئے جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں فورسز کے آپریشن میں 3 خارجی ہلاک، 9 زخمی ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔ فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کی چیک پوسٹ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو خودکش بمباروں سمیت5خوارج ہلاک ہوگئے ۔فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 2 بہادرسپوت نائیک طاہر خان (عمر 39 سال، ضلع ٹانک )اور لانس نائیک طاہر اقبال (عمر 26 سال، ضلع کرک )جام شہادت نوش کرگئے ۔ دوسری کارروائی میں آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جنوری کو فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ۔

دونوں علاقوں میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گی۔ صدر آصف زرداری نے قلعہ عبد اللہ میں چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنانے اورکارروائی میں جامِ شہادت نوش کرنے پر نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا ،شہداکے اہلخانہ سے اِظہار تعزیت، صبر جمیل کی دعا کی اور کہا ہماری بہادر فورسز ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں میں خوارج کیخلاف کامیاب آپریشن میں 3 خارجیوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورکہا دہشتگردی کے خاتمے تک اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں