الیکشن کمیشن کٹھ پتلی ،سکندرسلطان گھر چلے جائیں :فضل الرحمن
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیف الیکشن کمشنر نے اپنی ذمہ داریاں ٹھیک نہیں نبھائیں، الیکشن کمیشن نے اسٹیبلیشمنٹ کی کٹھ پُتلی کا کردار ادا کیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا مکمل طور پر ناکام ہوئے ان سے منصفانہ الیکشن کی امید رکھنا حماقت ہوگی،انہیں چلے جانا چاہئے تاکہ نئے لوگ آئیں۔انہوں نے کہا یہ پاکستان اور دنیا کی تاریخ میں انوکھا واقعہ ہے کہ آئی ایم ایف کے لوگ ججز سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔ آئینی بینچ کا بننا برا آغاز نہیں ، آئینی بینچ کو چلنے دیا جائے تو بہتر نتائج آئیں گے ۔ مولانا فضل الرحمن نے ایک تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پر مجھے تحفظات ہیں ،یہ دھاندلی کی پیداوار ہے ، 26 ویں آئینی ترامیم پر بھی تحفظات ہیں۔