مہنگی چینی،ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے:وزیراعظم
اسلام آباد (نامہ نگار ،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے چینی ذخیرہ کرنے ، قیمتوں پر سٹہ کھیل کر اس میں مصنوعی اضافے کی کسی کو ہر گز اجازت نہیں دیں گے ۔
وزیراعظم نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی طور پر چینی کی قلت پیدا کر کے قیمت میں اضافے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔گزشتہ روز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چینی کی کھپت و رسد اور مقررہ قیمتوں پر عام آدمی کو فراہمی پر جائزہ اجلاس ہوا جس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چینی کی کھپت اور رسد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو شوگر ملوں کے ساتھ چینی کی کھپت و رسد کی نگرانی کیلئے روابط مربوط کرنے کی ہدایت بھی کی ۔وزیراعظم نے کہا ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہے ۔ مصنوعی طور پر بحران کی فضا پیدا کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے ۔رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عام آدمی کا مافیا کے ہاتھوں قطعاً استحصال نہیں ہونے دیں گے ۔وزیر اعظم نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو چینی کی مقررہ قیمت پر عوام کو فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو چینی کی کھپت و رسد اور موجودہ قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری لائیں، حکومت ہر قسم کی معاونت کرے گی،کاروباری برادری کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی اورسرمایہ کاری اور بر آمدات میں اضافے پر حکومت کی ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی مربوط سکیم لائی جائے ۔ برآمد کنند گان کی سہولت کیلئے ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم کے حوالے سے کمیٹی قائم ہو چکی، جلد اپنی تجاویز کا مسودہ منظوری کیلئے پیش کرے گی۔انہوں نے کہا ملکی معیشت کی ترقی کیلئے سب کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہے ،حکومت کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے ۔ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر ، احد چیمہ،محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، حنیف عباسی، سردار اویس لغاری، شزہ فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، وزیر اعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کاروباری شخصیات نے انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ شہباز شریف سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حالیہ دہشت گردانہ حملے پر تعزیت پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق سمیت پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے مئی میں اسلام آباد میں ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین اعلیٰ سطح بزنس فورم کا خیرمقدم کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے میں مکمل تعاون اور سہولت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم شہبازشریف سے بوسنیا ہرزیگووینا کے سفیر ایمن کوہوڈاروچ نے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بوسنیا ہرزیگوینا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بوسنیا ہرزیگوینا کے دوروں کا ذکر کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بوسنیا کے بھائیوں اور بہنوں کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ، وزیراعظم نے زور دیا موجودہ دوستانہ تعلقات کو باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔
ایمن کوہوڈاروچ نے اپنے ملک کی سیاسی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغامات پہنچائے ۔شہباز شریف نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں کہایہ دن دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش چیلنجز کی سنگینی کی ایک واضح یاد دہانی ہے ،اسلامو فوبیا کی خطرناک لہر کو ختم کرنے ، بنیادی انسانی حقوق و مذہبی آزادیوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے لیے مزید بہت کچھ کرنے کی فوری ضرورت ہے ۔ایک ایسے وقت میں جب مذہبی عدم برداشت عروج پر ہے ، ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ آزادی اظہار کی آڑ میں توہین مذہب یا مقدس علامتوں کی بے حرمتی کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ ہر مسلمان کے لیے ، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت کی حفاظت صرف ایک فرض ہی نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے ، جسے ہم پورے یقین کے ساتھ برقرار رکھتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے یہ تہوار بہار کی آمد کا اعلان ، محبت ، اچھائی کی فتح کی علامت اور ایک متحرک توانائی کا احساس دلاتا ہے ۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہارنگوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں کو خوشیوں، صحت اور خوشحالی سے بھر دے ۔ ہولی مبارک۔