نوجوانوں کا پاک فوج سے رشتہ انتہائی مضبوط:آرمی چیف
راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاپاکستانی عوام خصوصاً نوجوانوں کا پاک فوج سے انتہائی مضبوط رشتہ ہے ، ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی۔
ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے ، یہ فتنہ الخوارج کس شریعت اور دین کی بات کرتے ہیں؟ ہم کبھی بھی فتنہ الخوارج کو اپنی فرسودہ سوچ ملک پر مسلط نہیں کرنے دیں گے ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے غیور لوگ دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ نوجوان پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں،انہیں چاہیے کہ وہ اپنے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا کریں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی اور کالج کے نوجوان طلبہ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجتماع میں پورے ملک سے نوجوانوں کی نمائندگی موجود تھی۔آرمی چیف نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں اور ایسی مہارتیں پیدا کریں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائے ۔
انہوں نے پاکستان پر بیرونی ماحول کے اثرات، خاص طور پر سرحد پار دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں بھی نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔آرمی چیف نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔ انہوں نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔ جنرل عاصم منیر نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف قوم کی جدوجہد میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پرعزم حمایت کو سراہا۔آرمی چیف نے \'پاکستانیت\' کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کی فکری نشوونما میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔