جن ججزکوترقی نہیں ملی مایوس نہ ہوں:جسٹس عامرفاروق
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاہے کہ ضلعی عدلیہ انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
جن ججز کی ترقی ہوئی ان کو مبارکباد، جن کی ترقی نہیں ہوئی وہ بھی مایوس نہ ہوں،آپ بہترین کام کر رہے ہیں، آپ کا وقت بھی آئے گا، ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی عدلیہ کی طرف سے اپنے اعزازمیں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے آٹھ ججز نے بھی شرکت کی جبکہ سنیارٹی ایشو پر ریپریزنٹیشن بھجوانے والے پانچ ججز شریک نہ ہوئے ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے اپنے خطاب میں مزیدکہااس سال اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ریکارڈ کیسز نمٹائے ،مجھے آپ کے کام پر فخر ہے ،جسٹس سرفراز ڈوگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈسٹرکٹ جوڈیشری کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے ،آپ سبھی کسی بھی مسئلے کیلئے میرے پاس آ سکتے ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججز کے نوے فیصد فیصلے ہائیکورٹ میں برقرار رہے ،یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ضلعی عدلیہ کے ججز اچھا کام کر رہے ہیں،تقریب کے اختتام پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سرفراز ڈوگر کو شیلڈز پیش کیں۔