اس وقت تمام محکمے دوسری طاقتوں کے ہاتھ میں ہیں:جج انسداد دہشتگردی عدالت
اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے گرفتار پی ٹی آئی ایم پی اے علی شاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں میں ریکارڈ پیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی کردی۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ ہم سب ایک غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں،اس وقت تمام محکمے کسی اور طاقتوں کے ہاتھ میں ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہاکہ ریکارڈ کے لئے تاریخ پڑی تھی، جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ ریکارڈ کے لئے جیسے پہلے ہوا تھا اب بھی ایسے ہو گا،ریکارڈ کا پتہ کریں، دوبارہ سماعت شروع ہونے پر بھی وفاقی پولیس کی جانب سے ریکارڈپیش نہ کیا جا سکا جس پرعدالت نے سخت برہمی کا اظہارکیا، جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ پولیس نے ریکارڈ پیش نہیں کرنا اور ایسا ہی ہونا ہے ؟،پراسیکیوٹر نے کہاکہ تفتیشی آفیسر منڈی بہائوالدین ہے واپس نہیں آیا،عدالت کو ان کے خلاف ایکشن لینا چاہیے ، جج طاہر عباس سپرانے کہاکہ مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی کہ پراسیکیوشن کی ذمہ داری کیا ہے ؟،مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کرنا آپ کا کام ہے ،پراسیکیوٹرنے کہاکہ جب تک چالان ہمارے پاس نہیں آتا ہماری ذمہ داری نہیں ہے ، جج طاہر عباس سپرانے کہاکہ تفتیشی آفیسر اگر عدالت نہیں آتا تو کس کی ذمہ داری ہے ؟،اسلام آباد کے پراسیکیوٹر بہت ضدی ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ججز کے برابر ہیں۔
اگر میں پولیس کو نوٹس کر سکتا ہوں تو کیا آپ کو نوٹس نہیں کر سکتا، پراسیکیوٹر نے کہاکہ عدالت کے پاس بہت پاور ہے اس کے باوجود پولیس ریکارڈ پیش نہیں کر رہی صبح تک دیکھ لیتے ہیں ریکارڈ آجائے گا ، جج طاہر عباس سپرا نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ کو تنخواہ اس لئے ملتی ہے کہ آپ معاشرے میں انصاف کو یقینی بنائیں، عدالت نے کیس کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی پانچ اکتوبر کو احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عبوری ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی تو دونوں بہنیں عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئیں،عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مریدعباس کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی پر کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں سماعت بغیر کارروائی 11 اپریل تک ملتوی کردی۔