آلودگی ختم ،آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینگے:مریم نواز

آلودگی ختم ،آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینگے:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کریں گے اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کے لئے پرعزم ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ درخت ضرور لگائیں۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

چاہے اس کے سائے میں بیٹھنے کی توقع ہو نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ بچے اپنے والدین اور اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں،جنگلات کا وجود ماحول، معیشت اور شہریوں کے لئے لائف لائن ہے ،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے ،درخت لگائیں اور سموگ کے اندھیرے مٹائیں۔ عالمی یوم جنگلا ت پرصوبے بھر میں 15لاکھ پودے لگائے جائیں گے ،موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے ۔ان کا کہناتھاکہ وزیراعلیٰ پلانٹ فار پاکستانمہم کے تحت 44لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ گرین پاکستانپروگرام کے تحت 34لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ صوبہ بھرکے زرعی جنگلات میں 14لاکھ زائدپودے لگائے جائیں گے ، ہیلتھ،ایجوکیشن اور دیگر اداروں کو شجرکاری کے لئے 55لاکھ پودے فراہم کئے گئے ہیں،پہلی مرتبہ بے آباد سرکاری اراضی پر بھی درخت لگائے جائیں گے ۔

راجن پور، مظفرگڑھ اور سرگودھا میں دریائے سندھ سے متصل 3700 ایکڑ پر شجرکاری کی جائیگی۔ غازی گھاٹ اورمظفر گڑھ میں 1500ایکڑ رقبے پر شجرکاری ہوگی۔ شیخوپورہ اور لاہور راوی کنارے پر 444ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جائیں گے ۔گجرات میں دریائے چناب سے متصل علاقوں میں بھی شجرکاری ہوگی۔ گوجرانوالہ، چھانگا مانگا، چیچہ وطنی، اٹک،جھنگ اور ڈی جی خان میں خالی اراضی پر شجرکاری کی جائے گی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے جنگلات میں تجاوزات کی مانیٹرنگ اور فاریسٹ ہیلتھ مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کے لئے تھرمل سینسرکی مدد لی جائے گی۔ جنگلا ت میں لگنے والی آگ کے بروقت سدباب اور ڈی ٹیکشن انٹیلی جنس سسٹم کوجلد فعال کر دیا جائے گا۔ جنگلات سے متعلق ہنگامی صورتحال کے لئے خصوصی ہیلپ لائن 1084 بھی قائم کر دی گئی ہے ۔

دوسری طرف27ہزار دیہی خواتین کیلئے چیف منسٹر آئی ٹی ٹریننگ اینڈ ڈیجیٹل سکلز پروگرام شروع کردیاگیا ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ خواتین کیلئے ٹیکنالوجی ایجوکیشن محض ہنر نہیں، ٹیکنالوجی ایجوکیشن روشن مستقبل کو خود لکھنے کا ذریعہ بنے گی۔ دیہی خواتین کوآئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنائیں گے ، دیہی خواتین کی آن لائن ٹریننگ سے فاصلوں کی رکاوٹیں ختم ہوں گی، دیہی خواتین گھر چھوڑے بغیر باعزت اور باوقار روزگار کما سکیں گی، پنجاب کی خاتون دیہات میں بیٹھ کر انٹرنیشنل آئی ٹی مارکیٹ میں مسابقت کر سکیں گی، دیہات کی 27 ہزار خواتین پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کی بانی بن سکیں گی۔ آن لائن ٹریننگ کے دوران دیہی خواتین کو سکالر شپ بھی دیا جائے گا، آن لائن ٹریننگ کی تکمیل پر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر اور فری وائی فائی ڈیوائس ملے گی، پنجاب سکلز ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام دیہی خواتین کو 6 ماہ آن لائن ٹریننگ دی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں