آرمی چیف نے والدہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی،صدر،وزیراعظم سمیت اہم شخصیات شریک
اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ریس کورس پارک میں ادا کر دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنی والدہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی۔ مرحومہ کو آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، محسن نقوی، طارق فضل، رضا حیات ہراج، امیر مقام ،رانا ثنا اللہ، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی ، جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ ،سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل(ر )ندیم انجم ،سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل(ر )آصف غفور ، فوجی جوانوں اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملکی قیادت نے جنرل عاصم منیر سے تعزیت کا اظہار کیا اور انکی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ دریں اثنا سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔