فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا عشائیہ،فوجی و سیاسی قیادت یکجا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا عشائیہ،فوجی و سیاسی قیادت یکجا

اسلام آباد،راولپنڈی(دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ‘معرکۂ حق، آپریشن بنیان مرصوص’ کے دوران سیاسی قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی، مسلح افواج کی ثابت قدمی اور پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا۔

جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق اس پروقار تقریب میں صدر ، وزیراعظم کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار ، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلٰی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف ایئر سٹاف اور نیول سٹاف، بڑی سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام اور تینوں افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔شرکا نے اس بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے قوم کو ایک فیصلہ کن موڑ پر کامیابی سے ہمکنار کیا، مسلح افواج کی جرات اور قربانیوں کو سراہا اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حب الوطنی کی تعریف کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران سیاسی قیادت کی سٹریٹجک بصیرت پر گہرے تشکر کا اظہار کیا اور انٹر سروسز کوآرڈینیشن کو سراہا جس نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو یقینی بنایا۔انہوں نے بھارتی پراپیگنڈے کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا کے غیرمتزلزل کردار کو بھی سراہا، جنہیں انہوں نے فولادی دیوار قرار دیا جو گمراہ کن مہم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے ۔ فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئروں اور سفارتکاروں کی شاندار خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم اس تنازعے میں فیصلہ کن ثابت ہوئے ۔یہ شام قومی یکجہتی اور اس اجتماعی عزم کا زبردست اظہار ثابت ہوئی کہ پاکستان مزید مضبوطی، توانائی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں