لاکمیشن اجلاس،قوانین کے جائزے ،اصلاحات کیلئے کمیٹی قائم

لاکمیشن اجلاس،قوانین کے جائزے ،اصلاحات کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں قوانین کے جائزے اور اصلاحات کیلئے ایڈوائزری کمیٹی قائم کردی گئی۔

جو ایک ماہ میں قوانین کی نشاندہی اورعوامی رائے جمع کرے گی۔سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا 44 واں اجلاس ہوا، چیف جسٹس نے بطور چیئرمین قانون و انصاف کمیشن اجلاس کی صدارت کی۔لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں خواجہ حارث، فضلِ حق عباسی، کامران مرتضیٰ،محمد منیر پراچہ، احمد فاروق خٹک و دیگر نے شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق قانونی اصلاحات کیلئے بار سے ارکان کی شمولیت کو اہم قرار دیا گیا، ریسرچ ٹیم کے ساتھ ریسرچ ایسوسی ایٹس کی شمولیت کی تجویزبھی دی گئی جبکہ قانون سازی پر تجاویز کیلئے عوامی وکلا کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ غیر سرکاری ممبران کی شمولیت سے کمیشن میں نئی روح پھونکی گئی،چیف جسٹس پاکستان نے مرحلہ وار اصلاحات کی اہمیت پر بھی زور دیا، ایڈوائزری کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کریں گے جبکہ کمیٹی میں خواجہ حارث ، محمد منیر پراچہ اور کامران مرتضیٰ شامل ہوں گے ، کمیٹی ایک ماہ کے اندر قوانین کے جائزے کے کلیدی شعبوں کی نشاندہی کرے گی جبکہ عوامی رائے اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں