اسحاق ڈار کا افغان ، برطانوی وزرا خارجہ سے رابطہ، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان اور برطانیہ کے وزراء خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کئے دوران گفتگو باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسحا ق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیرخان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،گفتگو میں دونوں جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیروں کی سطح تک بڑھانے کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ امیر خان متقی نے کہاکہ سفارتی تعلقات بڑھانے کا فیصلہ دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش قدمی ہے ۔دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھنے کا عزم ظاہر کیا گیا جبکہ ازبکستان پاکستان اور افغانستان کے درمیان ریلوے لائن پراجیکٹ فریم ورک کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں اسحاق ڈار اور برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے مابین ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ، اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لیمی نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سمیت کثیر الجہتی فورمز میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور رواں ماہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کے موقع پر ملاقات پر اتفاق کیا۔