عیدالاضحیٰ اور بجٹ سے قبل مہنگائی میں اضافہ،18اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عیدالاضحیٰ اور بجٹ قریب آتے ہی ملک بھر میں اشیا خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا،ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.02 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 6 کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 16.94 فیصد، آلو 11.52 فیصد، پیاز 5.21 فیصد، کیلے 1.57 فیصد اورانڈوں کی قیمت میں 1.34 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 1.24 فیصد اور ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں 1.02 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، اس کے علاوہ پٹرول، تازہ دودھ، آٹا، دالیں اور گُڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ چکن کی قیمت میں 11.22 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 3.71 فیصد کمی واقع ہوئی۔ گھی، کوکنگ آئل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔