امریکا نے ایران پر حملہ کرکے دنیا کا امن تباہ کردیا : حافظ نعیم، آج یوم احتجاج کا اعلان
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی پشت پناہی کے بعد ٹرمپ کھل کر سامنے آگیا ،امریکہ نے ایران پر حملہ کرکے دنیا کا امن تباہ کردیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکی جارحیت دنیا کا امن تباہ کرنے کے مترادف ہے ،امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں کے خلاف مسلم امہ کومتحدہوناہوگا، جماعت اسلامی امریکہ کی طرف سے ایران پرہونے والی جارحیت اور بمباری کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منائے گی ، اس حوالے سے امیر جماعت نے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی ہیں، پور ے ملک میں امریکہ مردہ آباد نعرے لگاکر احتجاج کیا جائے ۔ اگر امریکہ نے فوری جنگ بند نہ کی تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائی جائیگی ،دریں اثنا کنونشن سنٹر میں جماعت اسلامی میڈیا سیل کے زیر اہتمام یوتھ ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب میں امیرجماعت اسلامی نے ایران پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ٹرمپ کو امن کا پیامبر قرار دیا اور اس نے ایران پر بم برسانا شروع کرد ئیے ، مسلم ممالک کی 88لاکھ فوج کی موجودگی میں غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے ،امریکہ اور اسرائیل انسانیت کے دشمن ہیں امریکہ ہمارا دوست نہیں ہو سکتا ہمیں امریکہ اور اس کے غلاموں سے بھی آزاد ہونا ہوگا ،انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ دنیا میں جو حق اور سچ کی تحریکیں چل رہی ہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے ان کا ساتھ دیا جائے ،نوجوانوں کو ڈیجیٹل سفیر بن کر اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر نکلنا ہوگا،اس پر نظر رکھیں کہ کوئی ہمیں دوبارہ فروخت نہ کردے ، امیر جماعت نے ریڈ مودودی ایپ کا افتتاح کیا، امیرجماعت نے کہاکہ میں ڈیجیٹل سمٹ میں شریک نوجوانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، امریکا کا زوال شروع ہوگیا ہے اس کے لیے سب کو متحد ہونا پڑے گا ،ٹرمپ کو امن کا پیامبر کہا گیا اس نے ایران پر 2000کلوگرام سے بڑے بم برسا نا شروع کرد ئیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ کے عوام نے سب کو آئینہ دیکھایا ہے ،اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے اب ایران کے میزائل اسرائیل پہنچ رہے ہیں ،امریکہ انسانیت کا قاتل ہے ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 78سال ہوگئے ہیں ایک مخصوص طبقہ پاکستان پر حکمرانی کررہاہے ،ٹرمپ نے امن کے نام پر ووٹ لئے ہیں لیکن امریکہ سے کبھی اچھے کی امید نہ رکھیں یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔