کراچی :کال سنٹرز جرائم کا گڑھ، 6کروڑڈالر کا فراڈ پکڑاگیا

کراچی :کال سنٹرز جرائم کا گڑھ، 6کروڑڈالر کا فراڈ پکڑاگیا

بیرون ملک سرمایہ کاری کے نام پر جھانسہ،15غیر ملکی ،19پاکستانی شہری گرفتار لوٹی رقم بٹ کوائن اور امریکی ڈالرز کی صورت میں منتقل کی جاتی :وزیر داخلہ سندھ

کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں کال سنٹرز جرائم کا گڑھ بن چکے ہیں اور ان کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر فراڈ کیا جا رہا تھا۔کراچی میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )طارق نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 18 دسمبر کو ڈی ایچ اے فیز 6 میں قائم ایک غیر قانونی کال سنٹر پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران 15 غیر ملکیوں اور 19 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا، جن میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزم کال سنٹر کے ذریعے بیرون ملک مقیم افراد کو سرمایہ کاری کے نام پر منافع کا جھانسہ دے کر لوٹ رہے تھے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق تقریباً 6کروڑ ڈالر کی ٹرانزیکشنز کے ذریعے فراڈ کیا جا رہا تھا جبکہ لوٹی گئی رقم بٹ کوائن اور امریکی ڈالرز کی صورت میں منتقل کی جاتی تھی، کارروائی کے دوران ملزموں کے قبضے سے 37 کمپیوٹر، 40 موبائل فون اور 10 ہزار سے زائد سمز برآمد کی گئیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کا کہنا تھا گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز 1 اور 6 سے عمل میں آئیں، تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں