مون سون : ہر شہری کی جان قیمتی، حفاظت حکومت کی ذمہ داری : مریم نواز
لاہور(نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے حکم پر پنجاب بھرمیں مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ کو پنجاب مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔۔۔
ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں جو 24 گھنٹے فعال رہیں گے، پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہیلپ لائن 1129 مکمل طورپر فعال کردی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو 1122اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد رہنے کا حکم دیتے ہوئے برسات کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی اور کہاکہ ہر فرد کی جان قیمتی ہے ،عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ،اپنا فرض ضرور نبھائیں گے ، مون سون کے دوران عوام حادثات سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ،ادھر پی ڈی ایم اے نے حادثات اور نقصانات سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں۔ ایس او پی کے تحت طغیانی کے پیش نظر نوجوانوں خاص طورپر بچوں کے نہروں میں نہانے پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور والدین سے بچوں کو برساتی نالوں میں نہانے اورقریب جانے سے روکنے کی اپیل کی ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے۔