خالدہ ضیا کے بیٹے کی بنگلہ دیش واپسی، لاکھوں افراد کا استقبال

خالدہ ضیا کے بیٹے کی بنگلہ دیش واپسی، لاکھوں افراد کا استقبال

عوام پرسکون رہیں ،ملک میں کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنا چاہیے ملک کی تعمیر نو کیلئے منصوبہ موجود ،شہری تعاون کریں:طارق رحمن کا خطاب

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت بی این پی کے قائم مقام چیئرمین اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے طارق رحمن 17سال بعد لندن سے وطن واپسی پر ڈھاکہ پہنچ گئے ، ائیرپورٹ پر لاکھوں افرادنے استقبا ل کیا ، اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام کو پرسکون رہنا چاہیے اور کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاہمیں امن، امن اور صرف امن چاہیے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ طاقتور مفادات کے ایجنٹ اب بھی ہنگامہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیاسی تحریکوں کو پرامن رہنا چاہیے ۔طارق رحمان نے سب کو ملک کے شہری ہونے کے ناطے یکساں حقوق کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش ہر مذہب کے لوگوں کے لیے محفوظ جگہ ہونا چاہیے ، چاہے وہ مسلمان، ہندو، بدھ یا عیسائی ہوں۔طارق رحمن نے ان سیاسی کارکنوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے اپنی جانیں قربان کیں، جن میں عثمان ہادی بھی شامل ہیں،طارق رحمن نے کہا ان کی قربانیاں عام لوگوں کے جمہوری اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تحریک پیدا کرینگی۔ انہوں نے کہا ملک کے نوجوان مستقبل کی تعمیر کریں گے ، لیکن اس کے لیے مستحکم جمہوریت اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے ۔طارق رحمن نے کہا ان کے پاس ملک کی تعمیر نو کے لیے بھی ایک منصوبہ موجود ہے ، انہوں نے تمام شہریوں سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے اپنی والدہ کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی اور شاندار استقبال پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں