ملک پر وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا کنسورشیم مسلط : حافظ نعیم
20فیصد کے پاس 80فیصد لوگوں کے وسائل،ظلم و استحصا ل کا نظام ہی ملک و قوم کے مسائل کی جڑ اسٹیبلشمنٹ نے کراچی و سندھ میں بدترین لوگ مسلط کیے ،فوج غزہ بھیجنے کی کوشش کی مزاحمت کرینگے :خطاب
کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں چند طاقتور مزید طاقتور ہوتے چلے جا رہے ہیں، پاکستان پر وڈیروں، جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کا کنسورشیم مسلط ہے ۔کراچی میں تربیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ نام نہاد سیاست دان جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو قتل کر رہے ہیں، اپنی جماعتوں میں جمہوریت قائم نہ کرنے والے ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 20 فیصد لوگوں کے پاس 80 فیصد لوگوں کے وسائل ہیں، 20 فیصد لوگوں کا سب پر قبضہ ہے ، پاکستان پر وڈیروں جاگیر داروں سرمایہ داروں کا کنسورشیم مسلط ہے ، یہ کنسورشیم پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی بولی لگاتا ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس نظام سے نجات کے لیے طویل اور تیز جدوجہد ناگزیر ہے ، قومی ایئر لائن جو کبھی فخر تھی آج زوال کی مثال بن چکی ہے۔
ضلع کیماڑی کے تحت جامع مسجد رابعہ رحمان صحافی کالونی ماڑی پور میں فیملی تربیت گاہ اور ضلع ایئرپورٹ کے تحت جامعہ ملیہ مسجد ملیر میں تربیتی اجتماع سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ نے کراچی اور سندھ میں بدترین لوگوں کو مسلط کردیا ہے ۔ پیپلز پارٹی40 بڑے وڈیروں پر مشتمل اور وصیت و وراثت کی بنیاد پر چلنے والی جماعت ہے ،جماعت اسلامی نے ثابت کیا ہے کہ اس نے کبھی بھی لسانیت و عصبیت کی سیاست نہیں کی۔ کارکنان گلی گلی جائیں، پاکستان کی آبادی میں 65 فیصد نوجوان ہیں، کارکنان انہیں تحریک کا حصہ بنائیں اور بزرگ ان کی سرپرستی کریں، عوامی کمیٹیاں فعال اور مضبوط بنائیں، حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور دین کے پیغام کو عام کریں۔ آئندہ الیکشن نہ صرف جیتنا ہے بلکہ ووٹ کا تحفظ بھی کرنا ہے اور ایسی عوامی قوت اور طاقت جمع کرنا ہے کہ کوئی مینڈیٹ پر ڈاکا نہ ڈال سکے۔
پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کو اپنی فوج غزہ نہیں بھیجنی چاہیے ۔ ٹرمپ کے منصوبے پر اگر فوج بھیجی جائے گی تو یہ فیصلہ ملک اور فوج کے خلاف ہو گا۔ امن کے نام پر دھوکا نہیں چلے گا اگر حکومت نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو زبردست مزاحمت کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایئر لائن جو پاکستان کا فخر اور دنیا کی ٹاپ ایئر لائن مانی جاتی تھی جس نے چائنا، امارات ودیگر ممالک کی ایئر لائن کو تربیت دی، اسے حکمران طبقے کی کرپشن و نا اہلی اور من پسند بھرتیوں سے تباہ کردیا گیا اور اسے ایسے موقع پر فروخت کیا جب اس نے گزشتہ 6 ماہ میں قومی خزانے کو فائدہ پہنچایا ہے۔
ہمارا اس سے کوئی مطلب نہیں کہ اس کو کس نے خریدا ہے ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس کو کیوں فروخت کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے پی آئی اے کو بہتر کیوں نہیں بنایا اس لیے ان سب کو کٹہرے میں لانا چاہئے؟ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن سمیت دیگر حکمران پارٹیاں فوج اور اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھتی ہیں، ہم کسی سازش کے ذریعے سے اقتدار میں نہیں آئیں گے۔ زیر زمین نہیں بلکہ بر سر زمین عوام کی جدوجہد سے ہی اقتدار میں آئیں گے۔پنجاب میں بلدیاتی ایکٹ کے خلاف جماعت اسلامی احتجاج کررہی ہے۔
وڈیرے اور جاگیردار نہ صرف بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتے بلکہ اختیارات بھی منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لاہور مینار پاکستان پر بدل دو نظام اجتماع عام میں ملک بھر سے لاکھوں مردو خواتین کی تاریخی شرکت کے بعد نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ تحریک اور جدو جہد کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ بد قسمتی سے ملک میں طبقاتی نظام تعلیم اور معیشت میں سود کا نظام قائم ہے ۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں یکساں نظام تعلیم اور معیشت سود سے پاک ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ظلم و استحصا ل کا نظام ہی ملک اور قوم کے تمام مسائل کی جڑہے ، اسے جڑ سے اُکھاڑنا ہوگا۔