سرحدی بندش:افغان تاجروں کو 5کروڑ ڈالر نقصان

سرحدی بندش:افغان تاجروں کو 5کروڑ ڈالر نقصان

فصل تیار تھی ،تجارتی راستے بند ہونے سے زیادہ نقصان ہوا :افغان چیمبر آف کامرس کابل میں پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں 60 فیصد تک کمی آئی ہے :خان جان الکوزئی

کابل (دنیا مانیٹرنگ)افغانستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا کہنا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی راستے تقریباً اڑھائی ماہ تک بند رہنے کے بعد ملک کے پھل و سبزیوں کے شعبے کو براہ راست اور بالواسطہ طور پر 5کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔افغان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب سربراہ خان جان الکوزئی نے میڈیا کو بتایا کہ تجارتی راستے اُس وقت بند ہوئے تھے جب افغانستان میں پھل اور سبزیوں کی فصل تیار تھی ۔ کچھ اشیا جیسے انار، سیب، تربوز، کھیرا اور ٹماٹر خراب ہو گئے ۔ لیکن ان میں سے زیادہ تر کو پاکستانی سرحدی راستوں سے نکال کر کم قیمت پر فروخت کیا گیا جس سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔الکوزئی نے کہا کہ پھل و سبزیوں کے علاوہ ہزاروں دیگر ٹرک روانگی کے لیے تیار ہیں، دونوں طرف سرحدوں پر راستہ کھلنےکے منتظر ہیں۔ سرحدی راستے بند ہونے کی وجہ سے کابل میں پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں 60 فیصد تک کمی آئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تجارت بند ہونے سے افغانستان میں ہر ماہ 20 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔اکتوبر میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے پاکستان نے افغانستان کے لیے اپنے راستے بند کر دئیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اس وقت سے معطل ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں