پاک فوج ،پیپلز لبریشن آرمی کا اتحاد خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرتا رہیگا:فیلڈ مارشل
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی ،دنیا نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم کی عکاس ہے ۔
پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کا اتحاد خطے میں امن اور مشترکہ مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرتا رہیگا، بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی مضبوط اور ناقابل تسخیر رہی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے ) کے قیام کی 98ویں سالگرہ کی تقریب جمعہ کوجی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے دیگر حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پیپلز لبریشن آرمی کو اس کی 98ویں سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر و ترقی میں پی ایل اے کا کلیدی کردار قابل تعریف ہے ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کی سٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کی آزمائشوں پر پورا اُترے اور ہر مشکل گھڑی میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم کی عکاس ہے ۔ بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی مضبوط اور ناقابل تسخیر رہی ہے ۔اپنے خطاب کے اختتام پر آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آرمی اور پیپلز لبریشن آرمی سچے معنوں میں برادر افواج ہیں اور ان کا اتحاد خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے پی ایل اے کی سالگرہ کے موقع پر شاندار میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ چین کی سٹریٹجک شراکت داری کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔