تعلیمی اداروں میں سفارش کا خاتمہ،میرٹ ترجیح ہے ، گورنر پنجاب

تعلیمی اداروں میں سفارش کا خاتمہ،میرٹ ترجیح ہے ، گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سفارشی کلچر کا خاتمہ اور میرٹ میری اولین ترجیح ہے ۔چانسلر آفس تعلیمی اداروں کی تعمیر اور مثبت سرگرمیوں کیلئے دن رات کھلا ہے ۔

ویمن یونیورسٹیوں میں ہراسمنٹ کسی صورت برداشت  نہیں کروں گا،اگر میرے پاس کسی خاتون کی طرف سے ہراسانی کا کیس آیا تو نوکری سے فارغ کرنے کیساتھ ساتھ قانون کے مطابق سزا بھی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ بہاولپور کے دوران گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں نوتعمیر ارفع کریم اکیڈمک بلاک کے افتتاح،اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سو سال مکمل ہونے پر تقریب میں شرکت اور صادق پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر سلیم حیدر نے کہا کہ ارفع کریم اکیڈمک بلاک کا افتتاح میرے لئے فخر کی بات ہے ، ارفع کریم نے چھوٹی سی عمر میں آئی ٹی کے شعبہ میں پاکستان کانام روشن کیا۔ انہوں نے کہا یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ طلباو طالبات یونیورسٹیوں کی تدریسی ،تحقیقی اور مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ حصہ لے رہے ہیں، صادق پبلک سکول جیسے تاریخی تعلیمی ادارے پاکستان کا چہرہ ہیں اور ان جیسی تعلیمی درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلبہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات اور بدمعاشی کے کلچر کے خلاف زیرو ٹالرنس اختیار کی ہوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں