کراچی : ہر شخص لفافہ مانگ رہا، وفاق سے 20 ارب روپے موصول : گورنرسندھ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،خبرایجنسیاں) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والوں کو تقریبات میں صاحب کہا جاتا ہے، ایم کیو ایم والے جب صاحب سے بھائی بن جائیں گے تو کراچی کے حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔
ایکسپو سینٹر میں مائی کراچی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سوچ رہا ہوں کہ ایم کیو ایم تبدیل کیسے ہو گئی، جب یہ دوبارہ بھائی بنیں گے تو سب کچھ بہتر ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص یہاں لفافہ مانگ رہا ہے ، کراچی کو داراللفافہ کہاجائے تو غلط نہیں ہوگا، ایم کیو ایم نے وفاق سے اس سال 40 ارب روپے حاصل کر لیے ہیں جن میں سے 20 ارب ٹرانسفر ہوچکے ، باقی 20 ارب بھی ایم این ایز اور ایم پی ایز ہی خرچ کریں گے ۔ کراچی پہلے کیا تھا اور اب کیا ہو گیا ہے ، ووٹ کے وقت کراچی یاد آتا ہے ، سب کہتے ہیں ‘‘مائی کراچی’’ جب پیسہ خرچ کرنا ہو تو کہتے ہیں ‘‘وائے کراچی’’۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے )کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ نے خطاب میں صحافت کو ایک مقدس پیشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ کی تلاش اور عوام کی آواز بننا صحافیوں کا اصل مشن ہے ۔ تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے )کے صدر طاہر حسن نے گورنر سندھ کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں دیگر صوبوں کے لیے ایک مثالی رہنما قرار دیا جبکہ پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری ارشد انصاری نے گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کامران خان ٹیسوری کو ‘‘عوامی گورنر’’ کا لقب دیا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے۔