نااہلی نا جائز، خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن نہیں لڑینگے : عمران
راولپنڈی(خبر نگار)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے جو لوگ نااہل ہوئے ہیں ان کی نشستوں پر کسی کو کھڑا نہیں کیا جائے ناجائز طریقے سے لوگوں کو نااہل کیا گیا۔یہ بات اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بہنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے بچوں کے پاکستان آنے کے بارے میں پوچھا ہے، احتجاج پر بہت خوش ہوئے ہیں ،ظلم و زیادتی دباؤ کے باوجود لوگوں کے احتجاج پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔عمران خان نے کہا ہے ماضی کے ڈکٹیٹرز نے اتنا ظلم نہیں کیا جو آج ہورہا ہے ۔علیمہ خان نے کہا عمران خان نے احتجاج کیلئے 14 اگست کی نئی تاریخ دی ہے ، ان کا کہنا ہے عوام کو حقیقی آزادی کیلئے کھڑا ہونا ہے ، ملک میں رول آف لاء ختم ہوچکا ہے 14 اگست کو سب لوگ نکلیں،اپنی لیڈر شپ کو بھی پیغام دیا ہے کہ جیلوں اور گرفتاریوں سے نہ ڈریں۔علیمہ خان کے مطابق انہوں نے کے پی حکومت کیلئے پیغام دیا ہے کہ آپریشن بند ہونا چاہیے ، اپنے لوگوں کے خلاف آپریشن پی ٹی آئی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کیلئے کیا جارہا ہے ، مسئلے کو جرگوں کے ذریعے حل کرنا چاہیے ، اگر علی امین گنڈا پور آپریشن نہیں روک سکتے تو یہ انہیں سوچنا چاہیے کیا کرنا چاہیے۔ علیمہ خان نے کہا 5اگست کو اڈیالہ جیل روڈ پر چار سو پولیس والے آنسوگیس لے کر کھڑے تھے ، لوگوں کا خوف ٹیسٹ نہ کریں حکومت کا خوف ٹیسٹ کریں۔
ادھرسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی نے نیب گواہ پر جرح کیلئے مزید وقت مانگ لیا۔ وکیل سلمان صفدر نے بانی کی بہنوں اور سلمان اکرم راجہ کو عدالتی کارروائی میں شامل ہونے سے متعلق درخواست جمع کروائی ۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے جیل کے باہر موجود بانی کی ایک بہن عظمی ٰخان کو کمرہ عدالت میں بلا لیا۔ وکیل قوسین مفتی کی جانب سے نیب گواہ پر جرح کیلئے وقت مانگنے پر سپیشل پراسیکیوٹر عمر مجید نے مخالفت کرتے ہوئے کہا جان بوجھ کر ٹرائل کو طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے ،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء وقت پر کمرہ عدالت نہیں آتے انھیں پابند کیا جائے ۔ عدالت نے کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کر دی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں آج جمعرات کو رفقا کی ملاقات کا دن ہے ، جس کیلئے 6 نام جیل حکام کو بھجوا دیئے گئے ۔فہرست میں ڈاکٹر امجد خان، بشیر خان،عاطف چودھری ،فریحہ ادریس ،رجب علی عباسی خرم شہزاد ورک کے نام شامل ہے۔