شہبازشریف کا صدر آذربائیجان کو فون، جنگ بندی پر مبارکباد
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے آرمینیا کے ساتھ دہائیوں سے جاری تنازع ختم کرکے مکمل جنگ بندی کیساتھ امن معاہدہ کرنے پر مبارک باد دی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے امن معاہدے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دوستانہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران حالیہ پاک بھارت جنگ کو ختم کروانے میں صدر ٹرمپ کے مثبت کردار کا بھی ذکر کیا اور بطور ایک امن پسند انکے عالمی کردار کو سراہا اورکہا کہ صدر الہام علیوف کی جرات مندانہ اور مدبرانہ قیادت میں خطے میں امن قائم ہو گیا۔ صدر الہام علیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پرامن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان ترقی اور روابط بڑھانے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ دریں اثنا میٹرک کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرنیوالے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقے کے طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ کو وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ملاقات کیلئے بلایا اور دوران ملاقات کہاکہ 2022 میں دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران اکرام اللہ سے امدادی خیمے میں ملاقات ہوئی ،اس نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تو میں نے اس کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا اوراسے لارنس کالج لے آیاتھا ، آج یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ اکرام اللہ محنت سے اپنے اہداف کی طرف گامزن ہے ۔ اکرام اللہ نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ لوگ سیاست میں ہر کسی کیلئے کچھ نہ کچھ کرتے ہیں لیکن آپ کا رویہ میرے ساتھ سیاست سے ہٹ کر تھا ،میری کامیابی آپ کی مرہون منت ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اکرام اللہ کو خصوصی تحفہ بھی پیش کیا ۔وزیراعظم نے اقلیتوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سکھ، عیسائی، ہندو، پارسی پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی ترجیحی فرائض میں شامل ہے ،پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کلیدی کردار کی تحسین میں اقوام عالم کے ساتھ ہے ، آج ہم بانی پاکستان کے اقلیتوں کے بارے میں فرمودات اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور یکساں حقوق کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔