18 ہویں ترمیم کو واپس لیا جاتا ہے تو بہت ہمت کی بات ہو گی، فواد

 18 ہویں ترمیم کو واپس لیا جاتا ہے تو بہت ہمت کی بات ہو گی، فواد

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں ابھی تو قیاس آرائیاں ہیں، اب تک یہی سمجھا جارہا ہے کہ جو اٹھارہویں ترمیم میں معاملات آئے ہیں،ان کو بہتر کیا جائے گا، اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ پاکستان کیلئے بہت اچھا ہوگا۔۔۔

کیونکہ 18 ویں ترمیم میں ایسے معاملات ہیں جس نے وفاق کی کمر توڑدی ،18 ویں ترمیم کو واپس لیا جاتا ہے تویہ بہت ہمت کی بات ہو گی۔دنیا نیوزکے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا چیف منسٹرز کو طاقت کا مرکز بنالیا گیا ، ن لیگ اور پی پی پی نے آپس میں معاملات طے کرلئے کہ سندھ آپ کا اور پنجاب ہمارا ہے ،چاروں صوبوں کے وزیر اعلیٰ پیسے کا ضیاع کررہے ہیں، ان پیسوں کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے ،پنجاب میں مریم نواز اربوں روپے ضائع کررہی ہے ،ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں ، پی پی پی نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے ،سندھ کے حالات بھی بدتر ہیں،18 ہویں ترمیم کو اگر اسٹیبلشمنٹ واپس کرواتی ہے تو یہ پاکستان کو بچانے والی بات ہے ۔ان کا کہنا تھا تحریک انصاف 26 ویں ترمیم نہیں رکوا سکی، اس کو کیسے رکوا سکے گی، تحریک انصاف کے لوگ اس وقت گھروں میں بیٹھے رہے ، موجود ہ حکومت کی سسٹم پر گرفت اب بھی مضبوط ہے ،پھر حکومت کو ترمیم لانے کی کیا ضرورت ہے ؟،اس وقت حکومت نے اپوزیشن کو سائیڈلائن کر دیا ہے ، ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ شوق سے کوئی ایکسٹینشن نہیں دیتا، حالات ایسے ہوتے ہیں،باجوہ کی ایکسٹینشن کے پیچھے بھی ایسے ہی حالات تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں