27ویں ترمیم ہوائی بات ہم سے رابطہ نہیں ہوا:وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے :بلاول

27ویں ترمیم ہوائی بات ہم سے رابطہ نہیں ہوا:وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے :بلاول

حیدرآباد (نمائندہ دنیا،نیوزایجنسیاں ،دنیا نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں عوام کو نشانہ بناتی ہیں، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ نے بھارت کا ساتھ دیا، اقوام متحدہ سے بھی ان دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگوانا چاہتے ہیں۔

 27ویں آئینی ترمیم ہوائی بات ہے ،حکومت یا کسی سیاسی جماعت نے ہم سے ترمیم کے لیے رابطہ کیا ہے نہ مشاورت ، صوبوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالے اور نیا این ایف سی ایوارڈفوری جاری کیا جائے ، بھارت پر سب سے زیادہ ٹیرف لگانے پر ٹرمپ کے شکرگزار ہیں، حیدرآباد میں خان بہادر حسن علی آفندی پاک کے افتتاح کے بعد انہوں نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دے کر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے ، جو بڑی کامیابی ہے ، مودی سرکار دریائے سندھ کا پانی روکنے کے اعلان سے باز نہیں آرہی، لیکن سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کے حق کا پانی دینا پڑے گا، دریائے سندھ پاکستانیوں کے لیے لائف لائن ہے ، اس معاملے پر سندھ کے لوگوں کا ساتھ چاہیے ، تمام پاکستانی اس پر یکساں آواز اٹھائیں۔ 9 مئی کو سیاستدان اپنے دائرے میں نہیں رہے ، دہشتگردی کی اور دوسروں کے دائرے میں گھسے ، ایک سیاسی جماعت نے اداروں پر حملہ کیا جس کے نقصانات ہم ابھی تک بھگت رہے ہیں۔ فوج کے سربراہ نے ادارے کی پالیسی کے مطابق کہا تھا ہم نیوٹرل ہونگے تو ایک سیاسی جماعت کے بانی نے کہا نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں ۔ ماضی میں حیدرآباد کو سیاسی بنیادوں پر نظرانداز کیا گیا اور نفرت کی سیاست کی گئی ،سندھ پیپلز ہاؤسنگ منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا اور پاکستان کا سب سے شفاف منصوبہ ہے جو کرپشن سے مکمل پاک ہے اور اس کا آڈٹ کسی بھی عالمی ادارے سے کرایا جا سکتا ہے ،بلاول بھٹو نے حیدرآباد کے تمام ٹاؤ ن چیئرمینوں سے بھی ملاقات کی اور کچی آبادی میں رہنے والی خواتین کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کا اعلان بھی کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں