پی ٹی آئی ارکان کی نا اہلی سیاسی فیصلہ ، قابل مذمت :حافظ نعیم

 پی ٹی آئی ارکان کی نا اہلی سیاسی فیصلہ ، قابل مذمت :حافظ نعیم

کراچی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نمائندوں کی نا اہلی سیاسی فیصلہ اور قابل مذمت ہے ، عمران خان سمیت جتنے قیدی ہیں سب سیاسی بنیادوں پر قید ہیں۔

 اگر ان کو کرپشن پر بند کیا گیا ہوتا تو زرداری، نواز شریف،شہبازشریف وغیرہ کو کہاں ہونا چاہیے تھا؟ان کو تو عمران خان سے بھی پیچھے کسی کھولی میں ہونا چاہیے تھا، 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے دانت توڑ دیئے گئے اور اب 27ویں آئینی ترمیم کی تیاری کی جارہی ہے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مسلط کر کے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا گیا ، دونوں حکمران جماعتیں پھر لسانی فسادات کروانا چاہتی ہیں ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،نائب امیر سیف الدین و دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر پیپلز پارٹی کا میئر مسلط کیا،عام انتخابات میں ایم کیو ایم کراچی سے ایک پولنگ سٹیشن تو کیا ایک پولنگ بوتھ تک نہیں جیتی لیکن اس کو سیٹیں دے دی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ میں 550 لوگ ٹریفک حادثات میں شہید ہوچکے ، ڈمپرز،ٹرالرز اور ٹینکرز ایک مافیا بن چکے ہیں ، شہر میں 15ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن صرف 400سرکاری بسیں چل رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا تھا ہم سسٹم کو پکڑیں گے لیکن سسٹم کو تو اسلام آباد میں بٹھا دیا گیا ، اندرون سندھ پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی سرپرستی میں ڈاکوؤں کا نظام چل رہا ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ،اسرائیل بدترین بمباری کرکے ہمارے فلسطینی بھائیوں کو شہید کررہا ہے ،یوم ِ آزادی کے فوری بعد فلسطین کیلئے پورے ملک میں تحریک چلائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں