محسن نقوی وزیراعظم بن رہے ہیں نہ نواز شریف صدر : اسحاق ڈار

محسن نقوی وزیراعظم بن رہے ہیں نہ نواز شریف صدر : اسحاق ڈار

لاہور(سیاسی نمائندہ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، محسن نقوی وزیراعظم اور نوازشریف صدر نہیں بن رہے۔ لاہور میں داتاگنج بخش ؒکے عرس کے افتتاح کے بعد اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کی، اس دوران ایک صحافی نے کہا کہ خبریں ہیں کہ محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

اس پر اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ ڈس انفارمیشن اور افواہوں سے پرہیز کرنا چا ہئے ، محسن نقوی کے حوالے سے ایسی کوئی بات درست نہیں جبکہ نواز شریف کے حوالے سے بھی ایسی کوئی بات نہیں۔ ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے اور سفارتی محاذ پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے ، یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اسلام کا قلعہ بن کر نہ ابھرے ۔وزیرخارجہ کا کہناتھاکہ ملک اور اداروں کے خلاف ہتھیار اٹھانا بغاوت ہے ، خدا نے پاکستان کو بے مثال کامیابیاں عطا کیں، سب سے بڑی کامیابی پاکستان کو معرکہ حق میں عطا کی، پاکستان نے 4 روزہ جنگ میں بھارت کوعبرتناک شکست دی۔ کھینچا تانی میں بہت وقت ضائع ہوچکا ہے ، پاکستان کو آگے لے کر جانے کیلئے تمام اداروں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کردارادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل کو ایکسٹینشن دینے کے حوالے سے کہا کہ ابھی تو ان کا مدت چل رہی ہے یہ سوال تو بہت قبل از وقت ہے ۔ حکومتِ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور وزارتِ خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کی بھرپور مذمت کی اور ہماری جانب سے عالمی سطح پر اس معاملے پر موثر آواز بلند کی گئی ہے ،غزہ پر اسرائیلی جارحیت کسی صورت قبول نہیں، اس معاملے پر مسلم ممالک کا اجلاس جلد جدہ میں ہوگا ۔ ا نہوں نے کہاکہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ نے دوٹوک انداز میں کہہ دیا اگر ہمارا پانی روکا گیا تو اس کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا، سندھ طاس معاہدے پر بھارت خود انٹرنیشنل فورم پر گیا اور بعد میں بھاگنے کی کوشش کی، بھارت کو بھاگنے نہیں دیا گیا، سندھ طاس معاہدہ انٹرنیشنل قوانین کے مطابق تبدیل نہیں ہو سکتا اور نہ ختم کیا جاسکتا ہے ، 24 کروڑ عوام یہ نہیں چاہتے کہ ہمارا ایک قطرہ بھی کہیں اور جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں