انٹرن شپ کیلئے 60کروڑ روپے مختص:پنجاب کو لائیو سٹاک کا ہب بنانا چاہتے:مریم نواز

انٹرن  شپ  کیلئے 60کروڑ  روپے  مختص:پنجاب  کو  لائیو  سٹاک  کا ہب  بنانا  چاہتے:مریم  نواز

لاہور(نیوزایجنسیاں)مریم نوا زنے پنجاب میں لائیوسٹاک کی بہتری اور فروغ کے لئے پنجاب بھر میں ایک ہزار ویٹرنری گریجوایٹس اور پیرا ویٹس کے لئے پہلے جامع انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کردیا۔

ویٹرنری انٹرن شپ پروگرام کے لئے 60کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے ،پروگرام کے تحت ویٹرنری گریجوایٹس کو  ماہانہ 60ہزار روپے وظیفہ ملے گا ،پیرا ویٹس اورمعاونین لائیوسٹاک کو انٹرن شپ کے دوران 40ہزار روپے ملیں گے ۔ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ڈی وی ایم ڈگری ہولڈر ویٹرنری گریجوایٹس اپنے متعلقہ ضلع میں اپلائی کرسکتے ہیں۔پنجاب کے 36اضلاع میں ویٹرنری اسسٹنٹ، اے آئی ٹیکنیشن اورلیب اسسٹنٹ کا کوٹہ مقرر کردیاگیاہے ۔مریم نواز نے کہاکہ وٹرنری انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے لائیوسٹاک فارمرز کو جانوروں کے علاج اور مشاورت کی سہولت گھر کی دہلیز پر ملے گی،ا س پروگرام کا مقصد پنجاب میں لائیوسٹاک کا فروغ اور ترقی ہے ،دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائرمیں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔ان کاکہناتھاکہ پنجاب کو لائیوسٹا ک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کا ہب بنانا چاہتے ہیں،آج بھی لائیوسٹاک فارمرز کے ساتھ ہیں، آئندہ بھی لائیوسٹاک فارمرز کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹرک ٹیکسی سروس کی باقاعدہ منظوری دے دی،پنجاب حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے 65 لاکھ تک کی فنانسنگ کا فیصلہ کرلیا،لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کرنے کیلئے 1100 گاڑیوں کی دستیابی کا ورکنگ پیپر تیار کرلیاگیا ۔وزیر اعلیٰ جاپان کے دورے سے واپس آتے الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے کے پورٹل کا افتتاح کریں گی،پنجاب حکومت الیکٹرک ٹیکسی کی فنانسنگ کا سود ادا کرے گی،الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے کیلئے سات اقسام کی 40 لاکھ سے ایک کروڑ تک مالیت کی گاڑیاں دستیاب ہوسکیں گی۔پنجاب حکومت 20فیصد ڈاؤن پیمنٹ کی مد میں 5 لاکھ 85 ہزار ادا کرے گی،الیکٹرک ٹیکسی کی خریداری کے لئے بینکس 65 لاکھ تک فنانس کریں گے جبکہ زائد مالیت کی گاڑی کی خریداری پر ادائیگی کنزیومر کو کرنا ہوگی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پنجاب حکومت دو ارب تک خرچ کرے گی،الیکٹرک ٹیکسی سروس منصوبے میں 11 سو چائنیز گاڑیاں شامل ہوں گی ،ابتدائی طور پر الیکٹرک ٹیکسی سروس لاہور میں آپریشنل ہوگی۔ لاہور میں 18 مقامات پر چارجنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں