ایمانداری کا شعور اجاگر کرنا قومی ذمہ داری :چیئرمین نیب
آپ ہماری امید ، خود کو اکیلا نہیں سمجھنا:پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں سے خطاب یہ بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بنیں گے :زمرد خان کا بھی اظہار خیال
اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ایمانداری، دیانت اور جوابدہی کا شعور پیدا کرنا قومی ذمہ داری ہے ،آپ ہماری امید ہیں، آپ نے خود کو کبھی اکیلا نہیں سمجھنا، ہماری آئندہ کی قیادت آپ ہی میں سے ابھرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی احتساب بیورو (نیب)ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کیلئے منعقدہ خصوصی تعارفی اور معلوماتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر ، نیب ہیڈکوارٹر کے ڈی جیز اور سینئر افسر بھی شریک تھے ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان (ہلال امتیاز)بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین نیب نے خطاب میں بچوں کے جذبے ، نظم و ضبط اور انسداد بدعنوانی مہم میں فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی آمد سے نیب کا آڈیٹوریم پہلے سے زیادہ خوبصورت لگ رہا ہے ، نوجوان پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط معاشی ملک بنانے میں بنیادی کردار ادا کریں گے ۔ زمرد خان نے خطاب میں کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے انہیں پاکستان سویٹ ہومز کے ذریعے ایک اہم مشن عطا کیا جہاں یتیم بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ، امید ہے یہ بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بنیں گے ۔