وفاقی ہسپتالوں کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس دینے کی نئی پالیسی منظور
ہیلتھ الاؤنس صرف ڈاکٹرز، فارماسسٹ ،نرسنگ ،پیرا میڈیکل سٹاف کو ملے گا وزارت خزانہ کا نئی شرائط پر پورانہ اترنے والے ملازمین کا ہیلتھ الاؤنس روکنے کا حکم
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق کے ماتحت ہسپتالوں اور اداروں کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس دینے کے لیے نئی پالیسی کی منظوری دے دی ، وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو فوری طور پر مذکورہ پالیسی کے مطابق ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس دینے اور پالیسی پر پورا نہ اترنے والے ملازمین کا ہیلتھ الاؤنس روکنے کے احکامات دیئے ہیں، ہیلتھ الاؤنس کی شرائط پر پورا نہ اترنے والے ملازمین دیگر وفاقی ملازمین کی طرز پر ڈسپریٹی الاؤنس لے سکیں گے۔
وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نئی پالیسی اور قواعد منظور کیے ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہیلتھ الاؤنس صرف ڈاکٹرز، میڈیکل و ڈینٹل، الائیڈ سپیشلسٹ ڈاکٹرز، فارماسسٹ ،نرسنگ ،پیرا میڈیکل سٹاف و معاون سروسز ملازمین کو دیا جائے گا، مذکورہ ملازمین کے علاوہ دیگر ملازمین ہیلتھ الاؤنس لینے کے حقدار نہیں ۔ وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو کہا ہے کہ ماتحت دفاتر کو ہدایات دی جائیں کہ پندرہ دن میں غیر متعلقہ ملازمین کو ملنے وا لا ہیلتھ الاؤنس روک دیا جائے ۔