اسمبلی سے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا جانا چاہیے ،جسٹس سلطان
ایکٹ میں قدغن نہیں امیدوار پارٹی ٹکٹ پر الیکشن نہ لڑ سکیں ، ایڈووکیٹ جنرل بلدیاتی ایکٹ کیخلاف درخواستوں پروکلا سے آئندہ سماعت پر مزید دلائل طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں بلدیاتی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی ۔جسٹس سلطان تنویر نے پنجاب حکومت کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی فلور کی بہت اہمیت ہوتی ہے ،اسمبلی فلور سے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا جانا چاہیے اب وقت آگیا ہے کہ ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں ہم آپکا احترام کریں ،آپ ہمارا احترام کریں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل آفس نے سپیشل نوٹس کا جواب جمع کرادیا ۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر سعد غازی نے جواب میں کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں کوئی ایسی قدغن نہیں کہ امیدوار پارٹی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا۔ دوران سماعت جسٹس سلطان تنویر نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان کو اب آگے بڑھنا ہے اداروں کو سیکھنا چاہیے کہ ایک دوسرے کا احترام لازم ہے ۔قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے ہمیں آئین جس حد تک اجازت دیتا ہے اس کے اندر رہ کر فیصلہ کریں گے ۔ جسٹس سلطان تنویر نے کہاکہ چاہتے ہیں اس کیس کا فیصلہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے ہو ،عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیلوں کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی ۔