جڑواں شہروں میں رات بھربارش،مری میں 8 انچ تک برفباری

جڑواں شہروں میں رات بھربارش،مری میں 8 انچ تک برفباری

آزاد کشمیر، گلگت، بلوچستان میں رابطہ سڑکیں برفباری کے باعث بند لاہور میں بھی ہلکی بارش ، سارا دن سورج نہ نکلا ، سردی میں اضافہ

اسلام آباد ، لاہور(اپنے رپورٹرسے ،نیوزرپورٹر،نمائندہ دنیا ، مانیٹرنگ ڈیسک )جڑواں شہروں میں رات سے جاری موسمِ سرما کی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا جبکہ ، مری چھانگلہ گلی،ایوبیہ، نتھیا گلی،آزاد کشمیر، گلگت، بلوچستان کے مختلف علاقوں شدیدبرفباری،رابط سڑکیں بندہوگئیں،ایبٹ آباد کے مقامات پر برفباری رک گئی ، لاہور میں دن بھر سورج نہ نکلا ،بادل چھائے رہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور نتھیا گلی میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے ۔ مری میں اب تک تقریباً 8 انچ تک برف اور12ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی ہے ۔

برف باری کے باعث علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے ، انتظامیہ کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے ، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ آج جمعہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم رات اور صبح کے اوقات میں پنجاب ، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔ بالائی علاقوں گلیات ،ٹھنڈیانی ناران کاغان میں برفباری نے سفید چادر اوڑھ لی ہے ،برف باری کی اطلاع ملتے ہی ملک بھر سے سیاحوں نے گلیات کا رخ کر لیا ہے۔

ایبٹ آباد میں گزشتہ روز شروع ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش نے جہاں موسم کو دلکش بنا دیا وہیں خون جما دینے والی سردی اور یخ بستہ ہواؤں نے ہزارہ ڈویژن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔سب سے زیادہ بارش سندھ چھور 34، خیرپور 08، بدین 06،خیبر پختونخوا دیر (بالائی 28، زیریں 27)، میر کھا نی، چراٹ 25، کاکول 22، بالاکوٹ 20، مردان 17، پشاور (سٹی 15، باچا خان ایئرپورٹ 14)، مالم جبہ 14، اسلام آباد21، راولپنڈی 18 ملی میٹر ہوئی۔ مالم جبہ 14، کالام 4 اور زیارت میں02انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ کم سے کم درجہ حرارت : لہہ منفی07، قلات منفی 05،گوپس اور مالم جبہ میں منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں