سعودی،عراقی ، ایرانی کھجور کی درآمد پر 3ڈالر فی کلو تک نیا ٹیکس

سعودی،عراقی ، ایرانی کھجور کی درآمد پر 3ڈالر فی کلو تک نیا ٹیکس

نوٹیفکیشن نہ ہونے سے پچھلے سال کے شیڈول کے مطابق کلیئرنگ کی اجازت عمرہ زائرین واپسی پر 30دن تک کارگو میں منگوائی کھجور بغیر ٹیکس کلیئر کراسکتے

لاہور(محمد علی رانا سے )سعودی ،عراقی اور ایرانی کھجور کی درآمد پر3ڈالر فی کلو تک نئے ٹیکس مقررکئے گئے ہیں تاہم نوٹیفکیشن نہ ہونے کی وجہ سے ایف بی آر نے تاحال 2025کے ٹیکس شیڈول کے مطابق کلیئرنگ کی اجازت دے رکھی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی وایرانی کھجور میں کبریٰ زاہدی پر 19 سے 22امریکی سینٹس ،ایرانی مضافاتی کھجور پر 39سینٹس ،عراقی ربی اور پائروم کھجور پر 42سینٹس فی کلو ٹیکس مقرر کیا ہے ،اسی طرح کسی بھی ملک  سے عجوہ کھجور درآمد کرنے پر 2.9 ڈالر، امبر کھجور پر 3ڈالر فی کلو ٹیکس ادا کرنا ہو گا ، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات سے کھجور کی دیگر اقسام درآمد کرنے پر2.35امریکی ڈالرفی کلو ٹیکس دینا ہوگا۔

جبکہ دیگر کھجوروں کی اقسا م کسی بھی ملک سے منگوانے پر فی کلو 2.8ڈالر ٹیکس شرح ہوگی۔ تاہم ایف بی آر کی جانب سے تاحال نئے ٹیکس لاگو کرنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔دوسری جانب ایئر پورٹ کلکٹریٹ کسٹم کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے یہ سہولت ہے کہ وہ اپنا بورڈنگ کارڈ ویزا کاپی دکھا کر یا کسٹم عملے کے سامنے پیش ہوکر اپنا ٹریول ریکارڈ ظاہر کرنے پر اپنے سفر سے تیس دن تک سعودی عرب سے کارگو میں منگوائی جانے والی کھجور بغیر ٹیکس ادا کیے کلیئر کرواسکتے ہیں تاہم زیادہ تر مسافر سعودی عرب سے واپسی پر اپنے نام سے کھجو ر بک نہیں کرواتے ،جس پر ایف بی آر ٹیکس کا مطالبہ کر تا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے ایئر پورٹ کلکٹوریٹ کسٹم میں کئی ایسے واقعات ہو چکے ہیں جن میں مسافروں کے پاسپورٹ ودیگر سفری دستاویزات پر کمرشل تعداد میں کھجور کلیئر کرائی گئی ہے ، جس پر کلکٹریٹ کسٹم ایئر پورٹ ماضی اور حال ہی میں افسران وعملے کو ہٹا چکا ہے ،افسروں نے اپنا نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جو کھجور کوئی بھی مسافر یا امپورٹر نہیں اٹھاتا وہ خراب ہونے سے قبل نیلام کرنا ہوتی ہے ،جبکہ جی پی او لاہور کے کسٹم ویئر آفس میں کئی من کھجور چوہوں کی خوراک بھی بن چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں