ملکی مسائل کا حل زیادہ صوبوں میں ہے :عبدالعلیم خان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات اور استحکامِ پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل زیادہ صوبے بنانے میں ہے اور نئے صوبے سب کے فائدے کے لیے ہیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں زیادہ صوبے بنانے کی تحریک شروع کرنی ہے ، جو لوگ ملک کے خیرخواہ نہیں، ہم انہیں منہ توڑ جواب دینگے ، اس وقت ایک ہی ہائیکورٹ ہے جہاں لوگ دور دراز علاقوں سے آتے ہیں، اسی لیے ہم جنوبی پنجاب، شمالی پنجاب اور سینٹرل پنجاب کے حق میں ہیں۔ ہم صوبوں کے نام تبدیل نہیں کرنا چاہتے ، بلوچستان کو بلوچستان ہی رہنا چاہیے ۔ اگر سندھ میں ایک کے بجائے تین وزیراعلیٰ بنا لیے جائیں یا بلوچستان میں بھی تین وزیراعلیٰ مقرر ہو جائیں تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ ہمیں عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کو دل بڑا کرنا ہوگا۔