بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 33.38 روپے یونٹ مقرر، نیپرا کا فیصلہ

بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 33.38 روپے یونٹ مقرر، نیپرا کا فیصلہ

لائف لائن صارفین 50یونٹ پر 3.95، سو یونٹ پر 7.74اور200یونٹ پر13.1روپے فی یونٹ اداکر یں گے 301 سے 400یونٹ پر دو سو اور 401سے 500پر چارسو روپے فکس چارجز عائد ،فیصلہ حکومتی درخواست پر جاری ہوا

 اسلام آباد (نمائند دنیا)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر بجلی کے بنیادی ٹیرف اور فکس چارجز سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔ فیصلے کے مطابق رواں مالی سال کے لیے وفاقی اوسط بنیادی ٹیرف 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے جس میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ۔ گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے الگ الگ نرخ اور فکس چارجز طے کیے گئے ہیں۔لائف لائن صارفین کے لیے 50 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 3 روپے 95 پیسے فی یونٹ اور 100 یونٹ تک 7 روپے 74 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

ایک سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے نرخ 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ ہوں گے ۔ 200 یونٹ تک ٹیرف 13 روپے ایک پیسے ، 201 سے 300 یونٹ 28 روپے 91 پیسے ، 301 سے 400 یونٹ 37 روپے 99 پیسے ، 401 سے 500 یونٹ 40 روپے 20 پیسے ، 501 سے 600 یونٹ 41 روپے 62 پیسے اور 601 سے 700 یونٹ تک 42 روپے 76 پیسے فی یونٹ نرخ ہوں گے ۔ 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے پر نرخ 47 روپے 69 پیسے فی یونٹ ہوں گے ۔

فکس چارجز بھی طے کیے گئے ہیں، 301 سے 400 یونٹ پر 200 روپے ، 401 سے 500 یونٹ پر 400 روپے ، 501 سے 600 یونٹ پر 600 روپے ، 601 سے 700 یونٹ پر 800 روپے اور 700 یونٹ سے زائد پر ایک ہزار روپے عائد ہوں گے ۔کمرشل صارفین کے لیے بنیادی نرخ 42 روپے 38 پیسے فی یونٹ، صنعتی صارفین کے لیے 30 روپے 5 پیسے ، سنگل سپلائی صارفین کے لیے 40 روپے 87 پیسے اور زرعی صارفین کے لیے 39 روپے 87 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ نیپرا کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت نافذ العمل ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں