پشاورہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل جج مستقل،4کو توسیع
جسٹس طارق آفریدی،جسٹس عبدالفیاض،جسٹس صلاح الدین ودیگرمستقل لاہور ہائیکورٹ کے 13ایڈیشنل ججز کی مستقلی کے معاملہ پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج
اسلام آباد،لاہور(کورٹ رپورٹر )جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ کے 6ایڈیشنل ججز کو مستقل جبکہ چار ایڈیشنل ججوں کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی۔ جوڈیشل کمیشن کااجلاس چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت ہوا۔اعلامیہ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے چھ ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی، مستقل کیے جانے والے ججز میں جسٹس طارق آفریدی ، جسٹس عبدالفیاض،جسٹس صلاح الدین، جسٹس صادق علی، جسٹس مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد شامل ہیں،کمیشن نے ایڈیشنل جج جسٹس فرح جمشید،ایڈیشنل جج جسٹس انعام اللہ،ایڈیشنل جج جسٹس اورنگزیب اورایڈیشنل جج جسٹس صبعت اللہ کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع دیدی۔لاہور ہائی کورٹ کے 13ایڈیشنل ججز کی مستقلی کے معاملہ پرجوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم شرکت کریں گی ۔لاہور ہائیکورٹ کے 13ایڈیشنل ججز کی کارکردگی کی رپورٹس جوڈیشل کمیشن کو ارسال کردی گئیں ۔ایڈیشنل ججز میں جسٹس حسن نواز مخدوم ،جسٹس ملک وقارحیدر اعوان ،جسٹس سردار اکبر ڈوگر ، جسٹس احسن رضا کاظمی ، جسٹس جاوید اقبال وینس ،جسٹس جواد ظفر،جسٹس خالد اسحاق ،جسٹس ملک اویس خالد ، جسٹس سلطان محمود ، جسٹس تنویر احمد شیخ ، جسٹس راجہ غضنفر ،جسٹس طارق محمود باجوہ اور جسٹس عبہر گل خان شامل ہیں۔