بلدیاتی ایکٹ جمہوریت پر دھبا ،عوام نے مسترد کردیا :حافظ نعیم
خاموش نہیں رہیں گے ،عوامی رائے کے بعد پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کااعلان ہو گا بلدیاتی قانون میں تمام آئینی اختیارات شامل کئے جائیں فیصل آباد میں گفتگو
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ جمہوریت کے نام پر دھبا ہے جسے پنجاب کے باشعور عوام نے مسترد کردیا ،پنجاب کا بلدیاتی قانون غیر جمہوری اور آئین سے متصادم ہے ، پہلے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں انسانوں کی منڈی لگتی تھی،غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے ذریعے حکمران خاندان یہ منڈی نچلی سطح تک لے کر جانا چاہتے ہیں،اس عوامی شب خون پر کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے ،ریفرنڈم میں عوامی رائے کے بعد پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کااعلان کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک گھنٹہ گھرمیں ریفرنڈم کیمپ کے دورہ کے موقع پرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہاکہ پنجاب کے بلدیاتی قانون میں وہ تمام اختیارات شامل کئے جائیں جو آئین کی دفعہ 140اے میں متعین ہیں، بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم سے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، ترامیم وہی لارہے ہیں جو فارم 47 لے کر آئے تھے ، موجودہ مسلط حکمران عوام سے خوفزدہ ہیں۔پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق پر براہِ راست حملہ ہے ،پنجاب کے بلدیاتی ایکٹ میں فوری ترمیم کی جائے ، میئر اور چیئرمینوں کے براہِ راست انتخابات کو بحال رکھا جائے ۔ اس موقع پر خواتین کا علیحدہ ریفرنڈم کیمپ بھی لگایاگیاتھا جہاں خواتین نے ووٹ کے ذریعے اپنی رائے کااظہارکیا۔