گل پلازہ آتشزدگی:سندھ حکومت کا متاثرین کو معاوضے کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر،خبر ایجنسیاں) سندھ حکومت نے گل پلازہ آتشزدگی کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ حکومت ڈنڈے کے زور پر بلڈنگ سیفٹی قوانین نافذ نہیں کراسکتی، اس واقعہ سے بھی ہم نے سبق سیکھا ہے۔
حکومت ذمہ داری ادا کرے گی، حکومت سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو معاوضہ دے گی لیکن اولین ترجیح آگ بجھا کر عمارت کا سرچ آپریشن کرنا ہے ، دوسرے مرحلے میں آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جائے گی۔یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے ، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے ، مجھے 5 خاندان ایسے ملے ہیں جن کے لوگ لاپتا ہیں، کراچی میں ہزاروں کی تعداد میں عمارتیں موجود ہیں، کوشش کرسکتے ہیں ڈنڈے کے زور پر ہر چیز نافذ نہیں کرسکتے ، عمارتوں کے ہزاروں افراد کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتے ۔وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو واقعہ کی فوری انکوائری کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آگ لگنے کی وجوہات معلوم اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے ۔ واقعہ کی مکمل انکوائری جاری ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے آگ کیسے لگی اور اس کی وجہ کیا ہے ۔