اسٹاک ایکسچینج : زبردست تیزی، انڈیکس 5159 پوائنٹس بڑھ گیا
انڈیکس 157132پوائنٹس پربند،حصص کی مالیت میں 4کھرب سے زائد اضافہ تیزی کے سبب 44فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ،کاروباری حجم 5فیصد کم رہا
کراچی (بزنس رپورٹر) بین الاقوامی مارکیٹوں میں غیریقینی ماحول کے باوجود اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو اتارچڑھاو کے بعد غیر متوقع طور پر تیزی رہی۔ ریکوری موڈ سے انڈیکس کی 1لاکھ 52ہزار، 1لاکھ 53ہزار، 1لاکھ 54ہزار، 1لاکھ 55ہزار، 1لاکھ 56ہزار اور 1لاکھ 57ہزار پوائنٹس کی 6سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 44فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت4کھرب45ارب 97کروڑ 6لاکھ 81 ہزار 440 روپے بڑھ گئی۔ کاروباری دورانیے میں اتار چڑھاو کے باوجود تیزی رہی جس سے ایک موقع پر 714پوائنٹس کی مندی اور بعدازاں 6244 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مؤثر ساختی اصلاحات اور بہتر معاشی اشاریوں کے تناظر میں انسٹیٹیوشنز کی خریداری سرگرمیوں سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی خانب گامزن رہا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5159پوائنٹس کے اضافے سے 157132 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1976پوائنٹس کے اضافے سے 48302پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 2388 پوائنٹس کے اضافے سے 93566 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 5فیصد کم رہا۔گزشتہ روز77کروڑ 06لاکھ 95ہزار 162 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 480 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 228 میں کمی اور 39 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔