درآمد ی گاڑیوں سے مقامی آٹو انڈسٹری کواربوں کا نقصان
مالی سال25میں 38ہزار سے زائداستعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی گئیں،سی سی پی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)نے انکشاف کیا ہے کہ درآمد شدہ گاڑیوں کی وجہ سے مقامی آٹو انڈسٹری کو صرف مالی سال 2025 کے دوران تقریباً 60 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور 40 ہزار سے زائد ممکنہ ملازمتیں ختم ہوگئیں۔سی سی پی کی آٹو موبائل سیکٹر کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 کے دوران 38 ہزار سے زائد استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کی گئیں جو مسافر گاڑیوں کی مجموعی فروخت کا تقریباً چوتھائی حصہ (25 فیصد)بنتی ہیں۔ کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ پرسنل درآمدی اسکیمیں جو اصل میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ‘فٹ، ٹرانسفر آف ریزیڈنس اور بیگیج کیٹیگریز کے تحت بنائی گئی تھیں تجارتی مقاصد کے لیے بڑے پیمانے پر غلط استعمال ہو رہی ہیں جس سے مقامی مینوفیکچرنگ اور پرزہ جات کی مقامی سطح پر تیاری کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔