میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم میں قرض کی حد میں اضافہ خوش آئند
حد 10ملین ہونے سے متوسط طبقے کیلئے ذاتی گھر کا حصول آسان ہوگا،چیئرمین آباد
کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے حکومت کی جانب سے میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم کے تحت ہاؤسنگ قرض کی حد میں اضافے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک عوام دوست اور بروقت اقدام قرار دیا ۔چیئرمین آباد حسن بخشی نے اپنے بیان میں کہا کہ قرض کی زیادہ سے زیادہ حد کو 10 ملین روپے تک بڑھانا متوسط اور تنخواہ دار طبقے کیلئے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں بڑھتی ہوئی تعمیراتی لاگت کے باعث کم قرض سے ذاتی گھر کا حصول تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا تھا۔
حسن بخشی کے مطابق پاکستان میں مختلف تخمینوں کے تحت اس وقت تقریباً 14 ملین مکانات کی کمی موجود ہے جو تیزی سے بڑھتی آبادی اور شہری علاقوں کی جانب ہجرت کے باعث مزید سنگین شکل اختیار کر رہی ہے ،اگر حکومت ہاؤسنگ فنانس کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیتی ہے تو نہ صرف رہائشی بحران میں کمی آئے گی بلکہ ہزاروں خاندانوں کا اپنے گھر کا خواب بھی حقیقت میں بدل سکے گا، اسکے ساتھ تعمیراتی شعبے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے۔