دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ ملکی مفادکیخلاف ،ٹی ٹی پی کا خاتمہ یقینی:عطااللہ تارڑ
لاہور (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اﷲتارڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیلئے کسی بھی قسم کا نرم گوشہ ملکی مفاد کیخلاف ہے ، ٹی ٹی پی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار کی سیاست اور گالی کے کلچر کو فروغ دیا،قومی بیانیے کے خلاف شر انگیزی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرز کے عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے کیونکہ جس معاشرے میں اختلاف رائے نہ ہو، وہ معاشرہ خود بخود زوال کی طرف بڑھ جاتا ہے تاہم آزادی اظہار رائے کی آڑ میں ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی،سکیورٹی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی ہرزہ سرائی ہر گز قبول نہیں۔