اوورسیز پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے :گورنرپنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ،ہم سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔
اوورسیز پاکستانیوں کو جھوٹی اور نفرت انگیز ویڈیوز دکھا کر ان کے جذبات کو پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف بھڑکانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبروں کو پھیلانے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔ سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو شکست دے کر پاکستانیوں کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کر دیا، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔دورہ یورپ کے دوران برطانیہ میں گلاسکو قونصلیٹ سمیت مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کے ذریعے قومی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پاکستان کو جب بھی قدرتی آفات یا مشکل حالات کا سامنا ہوا، اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے پاکستان کے وزیر اعظم ہونگے ، پیپلز پارٹی ایک محب وطن جماعت ہے اور اس نے کبھی اپنے کارکنوں اور جیالوں کو ملکی اداروں کے خلاف نہیں بھڑکایا۔