امریکی مشن کے زیر اہتمام ’’لیٹ فریڈم بیل رِنگ‘‘ کے عنوان سے تقریب
امریکی ناظم الاْمور نے لبرٹی بیل کے اصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رونمائی کی ’’لبرٹی بیل‘‘امریکی آزادی کی نمایاں علامت ،نیٹلی بیکر ، اسلام آباد میں تقریب سے خطاب
اسلام آباد (دنیا نیوز)امریکی یوم آزادی منانے کیلئے ناظم الامور نیٹلی بیکر نے لبرٹی بیل مہم کا افتتاح کر دیا، امریکی مشن کی جانب سے ’’لیٹ فریڈم بیل رِنگ‘‘ کے عنوان سے لنکن کارنر اسلام آباد میں منعقدہ تقریبِ کے دوران فریڈم 250 لبرٹی بیل انیشی ایٹ کا سرکاری طور پر افتتاح کیا گیا۔اس موقع پر نیٹلی بیکر نے مشہور زمانہ لبرٹی بیل کے اصل حجم کے موافق علامتی گھڑیال کی رونمائی کی جس کے ساتھ ہی امریکا کے 250ویں یوم آزادی کا جشن منانے کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈلفیا میں واقع لبرٹی بیل امریکی آزادی اور جمہوریت کی سب سے پائیدار علامتوں میں سے ایک ہے ۔ نیٹلی بیکر نے کہا لبرٹی بیل امریکی آزادی کی ایک نمایاں علامت ہے ، اس موقع پر لنکن کارنر میں ہماری موجودگی اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ وہ مقام ہے جہاں پر امریکا سے متعلق معلومات اورآزادی اظہارِ رائے سمیت امریکی اقدار کے حوالے سے تعلیم کو فروغ دیا جاتا ہے ۔انہوں نے امریکا اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی میں فلاڈ لفیا سے ذاتی طور پر تعلق رکھنے والے امریکی سفارتکاروں کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔’’ لیٹ فریڈم بیل رِنگ‘‘ مہم کے سلسلے میں آزادی گھڑیال سے مماثلت رکھنے والے پندرہ علامتی گھڑیال پاکستان بھر میں موجود لنکن کارنرز میں تقسیم کیے جائیں گے ۔