سرکاری زمین پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں : محسن نقوی
قائد اعظم یونیورسٹی کے بغیر اسلام آباد ادھورا ،شہر کویونیورسٹی ٹاؤن بنائیں گے وزیرداخلہ کاقائد اعظم یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی پاکستان کا وہ مایہ ناز ادارہ ہے جہاں پورے ملک کے رنگ نظر آتے ہیں اور اس ادارے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کی اراضی پر قبضوں کے حوالے سے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمین پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک جامع آپریشن جاری ہے ۔
مجھے آج دوسری بار قائد اعظم یونیورسٹی آ کر دلی خوشی ہو رہی ہے ۔ ہماری پوری ٹیم کا یہ پختہ یقین ہے کہ اگر اسلام آباد کو ایک اکائی کے طور پر دیکھا جائے تو اس کا تصور قائد اعظم یونیورسٹی کے بغیر ادھورا ہے ۔ یہ وہ واحد یونیورسٹی ہے جہاں پاکستان کے ہر کونے اور ہر ثقافت کے رنگ یکجا نظر آتے ہیں۔ اسلام آباد کو ایک \'یونیورسٹی ٹاؤن\' کے طور پر متعارف کروایا جائے گا۔ جہاں تک یونیورسٹی کی 1700 ایکڑ اراضی کا معاملہ ہے ، اگر کسی نے سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے تو بہتر ہے کہ وہ خود اسے خالی کر دے ۔ یہ ممکن نہیں کہ زمین ریاست کی ہو اور وہاں کوئی اور قابض ہو۔ ہم یونیورسٹی کی اراضی سمیت اسلام آباد کے ایک ایک کونے کو واگزار کرائیں گے ۔ ہم نے یونیورسٹی کے مسائل کے فوری حل کے لیے اپنے دفتر میں ایک کوآرڈینیٹر بھی مقرر کر دیا ہے جو کہ اسی ادارے کا طالب علم رہا ہے ۔