بحریہ کا گوادر سے 1500 کلومیٹر دور کامیاب ریسکیو آپریشن

بحریہ کا گوادر سے 1500 کلومیٹر دور کامیاب ریسکیو آپریشن

سری لنکن میری ٹائم کی اطلاع پر پی این ایس معاون اور تبوک کو بھیجا گیا انڈونیشیا کے پرچم بردار جہازسے بیمار اہلکار کوریسکیو کر کے طبی امداد دی

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر ) افواج پاکستان نے گوادر سے تقریباً 1500 کلو میٹر دور کھلے سمندر میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سری لنکن عملے کو بچالیا۔ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈی نیشن سنٹر کی درخواست پر کیا گیا، اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے اپنے جہازوں پی این ایس معاون اور تبوک کو فوری امدادی آپریشن کے لیے روانہ کیا۔

افواج پاکستان کے جہازوں نے انڈونیشیا کے پرچم بردار جہازایم وی گرے پام سے بیمار سری لنکن عملے کو ریسکیو کیا۔ بیمار اہلکار کو پی این ایس تبوک پر منتقل کر کے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے مربوط میری ٹائم پروٹوکولز فوری طور پر متحرک کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت سے ریسکیو آپریشن مکمل کیا، سری لنکن حکام اور متعلقہ اہلکار کے اہلِ خانہ نے بروقت اقدام اور تعاون پر پاکستان کا اظہار تشکر کیا۔

پاک بحریہ سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے لئے قومیت سے بالاتر ہو کر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھاتی ہے ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحر یہ کے گوادر سے 1500 کلومیٹر دور کھلے سمندر میں کامیاب ریسکیو آپریشن کو سراہا۔ صدر نے پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس معاون اور تبوک کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں